لیبیا: فوج نے اجدابیہ کے دو علاقوں کو داعش سے آزاد کرالیا
لیبیا کی فوج نے مشرقی شہر اجدابیہ کے دو علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
لیبیا کی فوج کے ترجمان احمد المسماری نے جمعے کے روز بتایا ہے کہ اجدابیہ سے اسّی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دو علاقوں ، المقرون اور کرکورہ پر فوج کا مکمل کنٹرول ہوگیا ہے۔
لیبیا کی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق دونوں شہروں میں دہشت گردوں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں اور شہر میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ ہلال احمر سوسائٹی کے ترجمان نے دونوں شہروں کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہروں سے لاشیں اٹھانے سے قبل اپنے گھروں کو واپسی سے گریز کریں۔
قابل ذکر ہے کہ داعش کے عناصر مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم لیبیا کی فوج نے انہیں اجدابیا اور بن غازی کے درمیانی علاقے میں گھیر لیا ۔ اس دوران ہونے والی لڑائی میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں اورمتعدد علاقوں کو ان کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔