Jul ۲۲, ۲۰۱۶ ۲۱:۳۱ Asia/Tehran
  • بحرین: درجنوں نمازیوں کو گرفتار کرلیا گیا

بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے خلاف احتجاج کرنے والے درجنوں نمازیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

بحرینی ذرائع کے مطابق شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے دارالحکومت منامہ کے مغربی علاقے الدراز کی مسجد امام صادق علیہ السلام پر پہرے بٹھا کر امام جمعہ محمد صنقور اور سیکڑوں نمازیوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔اس موقع پر نمازیوں نے شدید احتجاج کیا اور شاہی حکومت کے خلاف نعرے لگائے جس کے بعد بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کم سے کم پچاس نمازیوں کو گرفتار کرلیا۔

بحرین کی علما کونسل نے شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ علما کونسل کے سربراہ سید مجید مشعل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا مداخلت فی الدین  اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحرین کے عوام سیاسی معاملات میں شرکت اور مناسب معیار زندگی فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سید مجید مشعل نے کہا کہ ملک کے حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری شاہی حکومت پرعائد ہوتی ہے۔

ٹیگس