Jul ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran
  • بحرین میں ایک اور سرگرم سیاسی شخصیت گرفتار

بحرین کے سیکورٹی حکام نے اس ملک کی ایک ممتاز سیاسی شخصیت کاظم الدرازی کو گرفتار کر لیا ہے۔

مراۃ البحرین ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز سید کاظم الدرازی کو اس ملک کے ممتاز شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے اجتماع کرنے والوں کے لیے وسائل فراہم اور تعاون کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ بحرین کی وزارت داخلہ نے ابھی تک اس خبر پر باضابطہ ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

آل خلیفہ حکومت نے دو ہزار گیارہ سے سعودی عرب کی مدد سے شیعہ اکثریت کی قیادت میں عوامی مظاہروں کو کچلنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے لیکن اس کے باوجود بحرین میں عوامی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

آل خلیفہ حکومت نے حال ہی میں انسانی قوانین کے برخلاف اقدام کرتے ہوئے بحرینی شیعوں کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی۔ جس کے بعد بحرین میں کشیدگی اورعوامی احتجاج میں شدت آ گئی ہے اور لوگوں نے شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے اجتماع کر کے ان کی شہریت بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی عدالت نے اسی طرح حال ہی میں اس ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق اسلامی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کے تمام اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

ٹیگس