اقوام متحدہ کا آل خلیفہ حکومت سے مطالبہ
اقوام متحدہ نے بحرینی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق اسلامی کو کالعدم قرار دینے کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے دفتر نے بحرین میں جمعیت الوفاق اسلامی کو کالعدم قرار دینے کے عدالتی فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بحرینی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پر نظرثانی کرے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ایک اعلی ترجمان نے کہا ہے کہ اس کے باوجود کہ عالمی برادری نے بارہا بحرینی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں کشیدگی کو ختم کرے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں اور تنظیموں کی پرامن سرگرمیوں پر پابندیاں لگانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اس عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کا بحرین کے انسانی حقوق کے اداروں اور حکام سے یہ مطالبہ ہے کہ وہ اعتماد سازی اور پرامن طور پر آزادی بیان کے حق کے تحفظ اور تنظیموں کے اجتماعات کے انعقاد کے لیے فوری اقدامات انجام دیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی کہا ہے کہ جمعیت الوفاق کو کالعدم قرار دینا بحرین میں انسانی حقوق کو محدود کرنے کے سلسلے میں آل خلیفہ حکومت کا تازہ ترین اقدام ہے۔
واضح رہے کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی عدالت نے گزشتہ ہفتے ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق اسلامی کو کالعدم قرار دے کر اس کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔