Nov ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  •  اسلام آباد کے ڈی چوک پر رینجرز اور پی ٹی آئی کے مظاہرین میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری

پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اسلام آباد میں تمام اہم عمارتوں پر فوج تعینات کردی گئی اور شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا بانی پی ٹی آئی سےکچھ دیر میں ملاقات اور بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے فون پر بات کروائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اشارہ ملنے کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت سنگجانی پر دھرنے کیلئے رضا مند ہے۔

 بشریٰ بی بی گزشتہ روز سے سنگجانی کے بجائے ڈی چوک جانے پر ڈٹی ہوئی ہیں۔

در ایں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات آنے تک ہم ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے۔

اسلام آباد میں کمپلیکس چوک پر کارکنوں سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ پُر امن رہنے کا درس دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات آنے تک ڈی چوک سے آگے ہم نہیں جائیں گے۔

اسے قبل خیبرپختونخوا سے آنے والے پی ٹی آئی قافلوں کے شرکاء اسلام آباد کے ریڈ زون پہنچے، جہاں ان کی مختلف مقامات پر پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جو بدستورجاری ہیں۔

پولیس کی جانب مظاہرین پر آنسو گیس سے شیلنگ کی جارہی ہے جبکہ مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر شیلنگ اور پتھرائو کیا گیا ہے۔

ڈی چوک پہنچنے والے پی ٹی آئی کے 200 سے زائد کارکنوں کو رینجرز نے پیچھے دھکیل دیا ہے جبکہ بشریٰ بی بی اور گنڈا پور جناح ایونیو پر سیونتھ ایونیو کے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر چند افراد نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکار جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کو طلب کرلیا گیا اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار جاں بحق ہوئے جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے احتجاج اور حکومت کی جانب سے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے راستوں کی بندش سے اسلام آباد کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ریاست کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے، ریاست کا صبر ختم ہونے کا انجام بھیانک ہوتا ہے۔

 اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین واپس چلے جائیں، بشریٰ بی بی لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کر کے آئی ہیں۔

ٹیگس