Jul ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • سعودی عرب سے براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ انصار اللہ

کویت امن مذاکرات میں شریک یمنی وفد نے سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

 کویتی ذرائع کے مطابق یمنی وفد کے سربراہ اور تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ ان کا وفد بحران یمن کے حل کی خاطر سعودی عرب سے براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہے۔انہوں نے صاف صاف الفاظ میں کہا کہ یمن کا وفد مفرور سابق صدر منصور ہادی کی کسی بھی تجویز کو قبول نہیں کرسکتا۔

محمدعبدالسلام نے سعودی حکام کے ساتھ ماضی کی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انصاراللہ تحریک سعودی عرب سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے اور سعودی عرب اور اس ملک کے عوام پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

یمنی وفد کے سربراہ نے ملک کی سیاسی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار داوں میں، حکومت کی تشکیل سے متعلق سیاسی عمل کو فوری اور بلاتاخیر مکمل کرنے کی ضروت پر زور دیا گیا ہے۔

انصار اللہ کے ترجمان نے امن مذاکرات کے اگلے دور کے لیے دو ہفتے کے وقت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنی قلیل مدت میں یمن کے انتہائی پیچیدہ بحران کی گھتیاں سلجھائی نہیں جاسکتیں لہذا مذاکرات کی مدت میں اضافہ کرنا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ کویت میں جاری امن مذاکرات کا اگلا دور پندرہ جنوری سے شروع ہوگا۔

ٹیگس