ترکی: استنبول میں غداروں کا قبرستان
ترکی کے شہر استنبول میں غداروں کے لئے ایک علیحدہ قبرستان بنا دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ترکی میں ہونے والی حالیہ ناکام فوجی بغاوت میں مارے جانے والے باغیوں کے لئے ایک علیحدہ قبرستان بنا دیا گیا۔ باغیوں سے مخصوص اس قبرستان کو غداروں کے قبرستان کا نام دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس قبرستان میں ان تمام افراد کو دفنایا جائے گا جو فوجی بغاوت میں ملوث تھے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس قبرستان کے لئے جو جگہ الاٹ کی گئی ہے وہ حال ہی میں کتوں کی پرورش کے لئے بنائے گئے ایک مرکز کے قریب واقع ہے۔ اس سے قبل ترکی کے ایک مذہبی امور سے متعلق ادارے کے نگراں کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ناکام فوجی بغاوت میں شریک کسی بھی شخص کی آخری رسومات منجملہ غسل و کفن، جلوس جنازہ اور نماز ادا نہیں کی جائے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ قبرستان صرف دو دن کے نوٹس پرتیار کیا گیا ہے اوراس کی دیوار پر جو بورڈ نصب کیا گیا ہے اس پر"غداروں کا قبرستان" لکھا ہوا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں مارے جانے سیکڑوں باغیوں میں سے اب تک صرف ایک شخص کو دفن کیا گیا ہے۔