سعودی عرب میں حج کے انتظامات سنبھالنے کی صلاحیت نہیں : علمائے یمن
یمنی علماء نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ مناسک حج کے دوران پیش آنے والے دردناک واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ آل سعود میں کبھی بھی حج کے امور سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رہی ہے-
یمنی علماء کی ایسوسی ایشن کے رکن فواد ناجی نے رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام حج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں حاجیوں کے لئے تکلیف دہ واقعات رونما ہونا اور آل سعود سے مختلف سیاسی موقف رکھنے والے ممالک کے حاجیوں کو حج سے محروم کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ آل سعود میں حج کے امور سنبھالنے کی صلاحیت نہیں ہے-
فواد ناجی نے کہا کہ حج کے انتظامات سعودی حکومت کے ہاتھ سے لے لینا چاہئے کیونکہ آل سعود ، غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ کھلے عام تعلقات قائم کر رہی ہے اور سیکورٹی امور میں اس کے ساتھ تعاون کررہی ہے-
فواد ناجی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ گذشتہ سال حج کے موقع پر پیش آنے والے دردناک واقعے میں اسرائیل کے جاسوسی ادارے موساد کا ملوث ہونا بعید نہیں ہے کیونکہ گذشتہ سال رونما ہونے والے واقعے میں شہید ہونے والے اکثر ایرانی حاجی تھے-
یمن کے نائب وزیراوقاف عبداللہ عامر نے کہا کہ مسلمان ممالک کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دینا چاہئے کہ صرف سعودی حکومت حج کے انتظامات سنبھالے کیونکہ گذشتہ برس کے سانحے سے ثابت ہوگیا کہ سعودیوں میں حج کے امور چلانے کے لئے لازمی صلاحیت موجود نہیں ہے-
عبداللہ عامر نے کہا کہ منیٰ سانحہ ایک عظیم سانحہ ہے جو اگر پوری طرح جان بوجھ کر انجام نہ بھی دیا گیا ہو پھر بھی اس کے جان بوجھ کر انجام دیئے جانے کے بارے میں شکوک ضرور پیدا ہوتے ہیں-
اسی طرح علماء یمن کی ایسوسی ایشن کے رکن محمد الباشق نے کہا کہ حج کے امور سعودیوں سے لے کر اسلامی ممالک کے حوالے کردینا چاہئے - محمد الباشق نے کہا کہ حاجیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے آل سعود کے اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی چاہتے ہیں کہ حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ اپنے کنٹرول اور دباؤ میں رکھیں تاکہ مسلمان حج پر نہ جائیں-