یمن میں اسکول پر سعودی عرب کی بمباری
-
یمن پر سعودی عرب کے فضائی حملوں میں اب تک سیکڑوں اسکول، اسپتال، گھر اور بازار تباہ ہوچکے ہیں-
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن پر اپنی جارحیت اور بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبہ صعدہ میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح صوبہ صعدہ کے شہر سحار کے آل عقاب علاقے میں ایک اسکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اسکول پوری طرح تباہ اور اطراف کے مکانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے-
جارح سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے شہر سحار میں ایک پیٹرول پمپ پر بھی بمباری کر کے اسے تباہ کردیا- جارح سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ صنعا کے عطان علاقے کو بھی دو بار نشانہ بنایا- دوسری جانب سعودی عرب کے توپخانوں نے سرحدی شہر منبہ کے آل عمر اور آل شیخ علاقوں پر گولے داغے تاہم اس سے ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے-
دوسری جانب صوبہ صنعا کے ضلع خولان میں ایک بم جو سعودی عرب نے گرایا تھا اور وہ پھٹا نہیں تھا، اچانک اس کے پھٹنے کے نتیجے میں چارخواتین جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے- یمن پر سعودی عرب کے فضائی حملوں میں اب تک سیکڑوں اسکول، اسپتال، گھر اور بازار تباہ ہوچکے ہیں-