برطانیہ کی جانب سے بحرینی اہلکاروں کو قیدیوں کو ایذائیں دینے کی تربیت
برطانیہ بحرین میں آل خلیفہ کے اہلکاروں کو قیدیوں کو ایذائیں دینے کی تربیت دے رہا ہے۔
ٹیلی سور ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ریپرائیو نے جمعہ کے روز اپنی ایک رپورٹ میں بحرین کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کوآپریشن اوورسیز یا این آئی کو نے کہ جس کی مالی ضروریات برطانوی وزارت خارجہ پوری کرتی ہے، بحرینی حکام کو قیدیوں سے اعتراف لینے کے لیے انھیں ایذائیں اور شکنجے دینے کی تربیت دی ہے۔ اس رپورٹ نے اسی طرح بحرین کے عدالتی اور سرکاری نظام میں مذکورہ کمپنی کے اہم کردار سے پردہ اٹھایا ہے۔
ریپرائیو کی رپورٹ میں مزید آیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت پر اعتراض کرنے والے ایک شخص کو این آئی کو کمپنی سے تربیت حاصل کرنے والی بحرینی پولیس گرفتار کرتی ہے، پھر اسے اسی کمپنی کے تربیت یافتہ افراد اعتراف لینے کے لیے ایذائیں دیتے ہیں اور آخرکار اسی برطانوی کمپنی کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی جانب سے اسے ایذائیں دینے کی شکایت کو رد کر دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ کی حکومت کے خلاف پرامن عوامی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
بحرین کے عوام ملک میں سیاسی اصلاحات، سماجی انصاف کے قیام، آزادی، امتیازی سلوک کے خاتمے اور ایک عوامی جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن آل خلیفہ کی حکومت ان کے مطالبات پر کان دھرنے کے بجائے طاقت کے زور پر ان کو کچل رہی ہے۔