Nov ۱۴, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • سعودی طیاروں کا حملہ، آٹھ یمنی شہری شہید، متعدد زخمی

سعودی لڑاکا طیاروں نے اس بار یمن کے جنوبی علاقوں میں آٹھ عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ اب پر بمباری کر کے آٹھ نہتّے شہریوں کو شہید جبکہ نو دیگر افراد کو زخمی کردیا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ مزید لاشوں یا زخمیوں کو ملبے کے نیچے سے نکالنے کی کوشش جاری ہے۔ دوسری جانب سعودی لڑاکا طیاروں نے، صوبہ صنعا کے نھم نامی علاقے کو کلسٹر بموں کا نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔ دوسری جانب یمن کی مسلح افواج نے مشرقی مارب میں واقع سعودی حمایت یافتہ عناصر کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ ادھر یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں یمن پر سعودی جارحیت کے بھیانک نتائج کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ بیس مہینوں میں سعودی فوج اور اس کے اتحادیوں کے بے تحاشا حملوں میں گیارہ ہزار چار سو تین یمنی شہری شہید جبکہ انیس ہزار تین سو تینتالیس زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں ڈھائی ہزار بچّے اور ایک ہزار آٹھ سو خواتین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی فوج کے حملوں میں یمن کی بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو گئی ہیں۔

ٹیگس