عراق کے شہر موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی جاری
عراقی فوج نے موصل اور سنجار میں پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے مزید سات دیہی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
عراق کی السومریہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سنجار کے ایک فوجی عہدیدار دزوار فقیر نے کہا ہے کہ السکینیہ اور الحیالی نامی دیہاتوں کو داعش کے وجود سے پاک کردیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں داعش کی بارود سے بھری ایک گاڑی کو تباہ کردیا گیا-
عراقی فوج اورعوامی فورس نے ہفتے کے روز سے سنجار کے مغربی سیکٹر میں داعش کے خلاف اپنے حملوں کا آغاز کیا ہے- عوامی فورس نے موصل کے مغربی سیکٹر میں پانچ دیہی علاقوں طینیہ، عین الصلیبی، ام حجارہ، تل صوان اور مبضالی کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے-
موصل سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ عراق کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی موصل کے ایک تہائی علاقوں سے داعش دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا ہے- عراق کی وزارت داخلہ نے یہ بھی خبر دی ہے کہ جنوبی موصل کے محاذوں پراب تک نو سو پچپن دہشت گرد ہلاک کئے گئے ہیں اورایک سوآٹھ کو قیدی بنالیا گیا ہے-
صوبہ نینوا میں فوجی آپریشن کو شروع ہوئے تین ہفتے گزر رہے ہیں اور اس دوران عراقی فوج نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں نیز بعض سیکٹروں سے فوج موصل شہر میں داخل ہوگئی ہے-
دوسری جانب العالم ٹی وی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ داعش دہشت گردوں نے صوبہ نینوا کے مختلف علاقوں پر کیمیائی حملے کئے ہیں-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ نے بھی موصل کے شہریوں اور عراقی فورسیز کے خلاف داعش کی طرف سے کیمیائی حملے کئے جانے کی بابت خبردار کیا ہے -