موصل کی آزادی قریب ہے، عراقی صدر کا اعلان
Nov ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
عراق کے صدر فواد معصوم نے کہا ہے کہ موصل کو عنقریب داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا جائےگا۔
عراقی صدر کے جاری کردہ بیان کے مطابق عراق کی مسلح افواج صرف عراقی عوام کے مفادات کا تحفظ نہیں، بلکہ پورے خطے اور دنیا کے مفادات کا دفاع کر رہی ہیں۔ صدر فواد معصوم نے کہا کہ عراق کی مسلح افواج نے داعش کو شکست دیکر قلیل مدت میں دو صوبوں کو مکمل طور سے داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
ادھر عراق کے سابق وزیراعظم نوری المالکی نے عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے کمانڈروں کے ساتھ ملاقات میں موصل میں عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور آزاد ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے فوجی حکام کے ساتھ ملاقات میں، تلعفر اور دیگر علاقوں میں مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس کی پیشقدمی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔