استقامتی محاذ کے کمانڈروں کی شہادت کی برسی کے موقع پرعراقی عوام کا مارچ
محاذ استقامت کے شہید کمانڈروں کی تیسری برسی کے موقع پر فتح کے شہید کمانڈروں کی فداکاری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے عراق کے عوام نے ایک بڑا جلوس نکالا۔
سحر نیوز/ ایران: العالم کی رپورٹ کے مطابق محاذ استقامت کے شہید کمانڈروں کی تیسری برسی کی مناسبت سے عراق کے مختلف شہروں من جملہ موصل میں ایک پروگرام منعقد ہوا جس کے شرکا نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی راہ کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تسلط پسند استکباری طاقتوں کے مظالم کا مقابلہ کئے جانے پر تاکید کی۔
مظاہرے کے شرکا نے محاذ استقامت کے شہید کمانڈروں کی تصاویر اپنے ہاتھوں لے رکھی تھیں ۔ شرکا نے ان کمانڈروں کے علامتی تابوت اٹھانے کے ساتھ ساتھ ان فداکار کمانڈروں کے خلاف امریکی وحشیانہ جارحیت کی مذمت کی۔
اس موقع پر بدر تنظیم کے سیکریٹری جنرل ابو زینب الطائی نے اس جلوس کو شہید کمانڈروں کی یاد اور ان کی فتح کا جلوس قرار دیا اور دہشت گردی کے خلاف ان کمانڈروں کے تاریخی کردار کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
عراقی رکن پارلیمنٹ وعد محمود القدو نے کہا کہ عراق کے تمام پارلیمانی گروہ باطل کے مقابلے میں حق کی فتح کے ایسے گرانقدر کمانڈروں پر امریکی وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہیں کہ جنھوں نے عراق کی سربلندی اور غاصبوں کو ملک سے نکال باہر کرنے میں اپنے خون تک کا نذرانہ پیش کر دیا۔