Nov ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • عراقی فضائیہ کا حملہ، درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک

موصل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کے حملوں میں درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

عراقی فوج کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، فضائیہ کے جنگی طیاروں نے جنوبی موصل  کے علاقے مصائد میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں، کار بموں اور گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ اس کارروائی میں کم سے کم چون داعشی دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
 بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی فضائیہ نے مغربی سیکٹر میں تل زلط کے علاقے پر حملہ کر کے بتیس داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
 دوسری جانب عراقی فوج کے ایک کمانڈر رائد جودت نے بتایا ہے کہ عراقی پولیس نے موصل کے ہوائی اڈے کے قریب ایک خصوصی کارروائی کے دوران داعش کے پانچ سرغنوں کو  ہلاک کر دیا ہے جن میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے جس کا تعلق چیچنیا سے بتا جاتا ہے۔
عراقی فوج نے موصل کی آزادی کے لیے جاری فوجی آپریشن کے چھٹے ہفتے کے دوران بارہ علاقوں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
اس وقت عراقی فوج موصل کے بعض دوسرے نواحی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے میں مصروف ہے جس کے بعد موصل کے مرکزی علاقوں کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
درایں اثنا شمالی موصل پر دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں اٹھائیس عراقی شہری جاں بحق اور پچاس زخمی ہوگئے ہیں جن میں متعدد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ٹیگس