موصل میں داعش کے دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت
عراق کے جنگی طیاروں نے موصل میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے جنگی طیاروں نے موصل کے مغربی علاقوں میں عوامی رضاکار فورس کی حمایت میں کارروائی کرتے ہوئے داعش دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں بیالیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کی تین گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا۔ عراق کے جنگی طیاروں نے صوبے نینوا کے عبہ اور تلعفر کے ایرپورٹ کے اطرافی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ اس کارروائی میں بھی بائیس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ صوبے صلاح الدین میں بھی عراقی جنگی طیاروں نے داعش دہشت گرد گروہ کی دو گاڑیوں کو تباہ کردیا جس میں کئی دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ صوبے نینوا میں موصل کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی عراقی وزیراعظم کے حکم سے اکتوبر کے مہینے میں شروع ہوئی ہے جس میں اب تک اس صوبے کے وسیع و عریض علاقے کو آزاد کرانے کے ساتھ ساتھ سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔