دہشتگردی کے خلاف جنگ کا موصل میں اختتام ہوگا، العبادی
عراق کے وزیر اعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حیدر العبادی نے کہا ہے کہ داعش دہشتگردوں کے خلاف جنگ کا شمالی عراق کے شہر موصل میں اختتام ہوگا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے ہفتے کی رات بغداد میں ڈنمارک کے وزیر اعظم لارس لوکے راسموسن سے ملاقات میں کہا کہ عراق نے دہشتگردوں کے خلاف جس جنگ کا آغاز کیا ہے اس کا خاتمہ موصل ہی میں ہوگا۔
العبادی نے دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں عراقی افواج کی حالیہ کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ عراقی افواج، کہ جنہوں نے اب تک بہت سے علاقوں کو داعش دہشتگرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرایا ہے، عراقی شہریوں کی حمایت سے دہشتگردی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے موصل جسے عراق میں داعش دہشت گردوں کا نام نہاد دارالحکومت کہا جاتا ہے، عراقی فوج کے نشانے پر ہے اور سترہ اکتوبر سے موصل کو آزاد کرانے کے لئے داعش کے خلاف عراقی فوج اور رضاکارفورس کا آپریشن جاری ہے- موصل آپریشن میں عراقی فوج کو غیر معمولی کامیابی مل رہی ہے- گذشتہ ہفتوں میں ہونے والے آپریشن کے دوران عراقی فوج اور رضاکار فورس نے موصل کے مختلف علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-
اس ملاقات میں ڈنمارک کے وزیر اعظم لارس لوکے راسموسن نے عراقی افواج کی کامیابیوں کی ستائش کرتے ہوئے ڈنمارک کی جانب سے عراق میں امن و استحکام کی برقراری اور دربدر ہونے والے افراد کی ان کے گھروں کو واپسی کے لیے مدد بہم پہنچانے پر تاکید کی۔