امریکی وزیر جنگ بغداد پہنچ گئے
امریکہ کے وزیر جنگ اشٹن کارٹر غیر اعلانیہ دورے پر بغداد پہنچ گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر جنگ اشٹن کارٹر اتوار کے دن عراق میں تعینات امریکی فوجی کمانڈروں، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی اور عراقی کردستان کے سربراہ مسعود بارزانی سے ملاقات اور موصل آپریشن کے بارے میں گفتگو کے لیے بغداد آئے ہیں۔
اشٹن کارٹر نے سب سے پہلے بغداد میں واقع داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرکے امریکی کمانڈروں سے ملاقات کی۔
یاد رہے کچھ عرصہ قبل جنوبی موصل پر امریکی اتحاد کے ہوائی حملوں میں عراقی عوامی رضاکار فورس کے 21 افراد جان بحق ہوگئے تھے۔
عراق میں امریکہ کی فوجی موجودگی اور موصل آپریشن میں اس کی شرکت ایک ایسی حالت میں جاری ہے کہ عراقی حکام اور عوام اپنی سرزمین میں کسی غیر ملکی فوج کی موجودگی اور مداخلت کے مخالف ہیں۔ لیکن تمام مخالفتوں کے باوجود چند روز پہلے امریکی میرین فوجیوں کا ایک نیا دستہ عراق میں داخل ہوگیا۔
عراقی عوام کا ماننا ہے کہ سیاسی اور فوجی سطح پر اتحاد اور ہم آہنگی سے داعش تکفیری گروہ کو ختم کیا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں امریکہ اور دیگر ممالک کے سیاسی اور ذاتی مفادات پر مبنی وعدوں کی ضرورت نہیں ہے۔