لبنان کی تیس رکنی کابینہ کا اعلان
لبنان میں تیس رکنی کابینہ کی تشکیل کا اعلان کر دیا گیا۔
لبنان کی نئی حکومت نے اس ملک کے صدر میشل عون ، اسپیکر نبیہ بری ، اور وزیراعظم سعد حریری کی موجودگی میں منعقدہ ایک اجلاس میں تیس رکنی کابینہ تشکیل دی اور اس کا اعلان کیا-
درایں اثنا وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان محمد فلیفل نے ایک پریس کانفرنس میں صدر میشل عون کی جانب سے عبوری وزیر اعظم تمام سلام کا استعفی قبول کئے جانے اور وزیر اعظم کا چارج سعد حریری کے سپرد کئے جانے کا فرمان پڑھ کر سنایا- لبنان کی نئی حکومت میں بھی وزارت خارجہ کا قلمدان جبران باسیل اور وزارت داخلہ کا قلمدان نہاد المشنوق کے ہی ہاتھ میں ہے-
لبنان کی نئی حکومت میں وزارت صنعت و معدنیات اور کھیل اور نوجوانوں کے امور سے متعلق وزارت کا قلمدان حزب اللہ کے نمائندوں کو دیا گیا ہے اور وزارت مواصلات و داخلہ سعد الحریری کی المستقبل پارٹی کے پاس ہے جبکہ دیگر تمام وزات خانوں کو دوسری پارٹیوں کے درمیان تقسیم کیا گیا ہے-
لبنان کی نئی کابینہ کے وزراء بدھ کو صدر میشل عون سے ملاقات کے بعد بدھ کو ہی وزیراعظم حریری کی صدارت میں اپنا اجلاس شروع کریں گے- کہا جا رہا ہے کہ لبنان کی نئی حکومت ، ملک کے امور سنبھالنے کے ساتھ ہی ، انتخابات کے نئے قوانین کی منظوری اور مئی دو ہزار سترہ میں پارلیمانی انتخابات کرانے اور لبنان کا سالانہ بجٹ منظور کرانے کی اہم ذمہ داریاں بھی انجام دے گی اور اس کی مدت نئی پارلیمنٹ کی تشکیل تک تقریبا چھے مہینے ہوگی-