شام: الرداد کا علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد
شامی فوج نے اپنے ملک کے مغربی صوبے حمص کے شہر تدمر کے جنوب مغربی علاقے الرداد کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کے حوالے سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایک فوجی ذریعے نے بتایا ہے کہ شامی فوج کے دستوں نے الرداد علاقے میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے اس علاقے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ شامی فوجیوں نے اسی طرح داعش کی ایک بکتر بند گاڑی اور مشین گنوں سے لیس دو گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔ شامی فوج نے تدمر شہر کے جنوبی اور شمالی نواحی علاقوں میں پیش قدمی کرنے کے ساتھ ساتھ تیر معلہ، الغنطو، مزارع الوالعز اور حوش حجو علاقوں میں تکفیری گروہ جبہت النصرہ کے دہشت گردوں پر حملے کیے۔ ان حملوں میں بہت سے دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہو گئے جبکہ ان کا بہت سا فوجی سازوسامان بھی تباہ کر دیا گیا۔ شام کے جنگی طیاروں نے بھی تدمر شہر کے مشرق اور ابوکلہ ڈیم کے شمال میں داعش دہشت گردوں کی چار گاڑیوں اور دو توپ خانوں کو تباہ کر دیا۔ واضح رہے کہ داعش دہشت گردوں نے حلب شہر میں مکمل شکست کے ردعمل میں آٹھ دسمبر سے تدمر شہر پر وسیع حملہ شروع کیا ہے۔