Dec ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • حلب کی آزادی، دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابی ہے: بشار اسد

شام کے صدر بشار اسد نے حلب کی آزادی کو شام کے ساتھ ہی ایران اور روس نیز ان تمام ملکوں کی کامیابی قرار دیا ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں-

شام کے صدر بشار اسد نے دارالحکومت دمشق میں ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے عرب اور افریقی امور کے ساتھ ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورت حال بالخصوص حلب کے حالات پر تبادلہ خیال کیا- اس ملاقات میں بشار اسد نے کہا کہ حلب میں شامی فوج کی کامیابی شامی قوم کے ان دشمنوں کے شکست و ناکامی ہے جو اپنے مفادات حاصل کرنے کے لئے دہشت گردی سے استفادہ کر رہے ہیں-

بشار اسد نے حلب میں کامیابی کو، پورے شام میں دہشت گردی کی سرکوبی اور موجودہ جنگ کے خاتمے کے لئے مناسب حالات پیدا کرنے کی غرض سے ایک بنیادی قدم قرار دیا-

ایران کے نائب وزیر خارجہ جابری انصاری نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور شام کے دیرینہ اسٹریٹیجک تعلقات نے، دونوں ملکوں اور علاقے کے ملکوں کو بیرونی سازشوں اور پروپیگنڈوں کے مقابلے میں محفوظ بنا دیا ہے-

جابری انصاری نے بھی شام کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر ایران کا عزم دہراتے ہوئے دہشت گردی کے مقابلے میں شامی قوم اور مزاحمت کی پائیداری میں اضافے پر تاکید کی-

شام کے صدر اور ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں علاقے اور دنیا کی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جبکہ جابری انصاری نے بشار اسد کو، شامی قوم پر مسلط کردہ جنگ کے خاتمے میں مدد کے لئے حال ہی میں انجام پانے والی کوششوں اور سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا-

 

ٹیگس