یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کا سلسلہ جاری، عالمی برادری بدستور خاموش تماشائی
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر عالمی برادری کی خاموشی کے سائے میں یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے گزشتہ رات اور جمعے کے دن، صوبہ صنعا کے شہر نہم کے مختلف رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے ۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے اسی طرح یمن کے صوبہ عمران میں عذر قفلہ علاقے میں واقع یمنی فوج کی چھاؤنی پر دو باربمباری کی۔ درایں اثنا سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے شہر کتاف میں آل سالم رہائشی علاقے کو تین بار بمباری کا نشانہ بنایا۔
یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے توپ خانے نے بھی ، سعودی عرب کی ان جارحیتوں کے جواب میں سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان میں واقع قنبور چھاؤنی کو نشانہ بنایا ہے۔ جبکہ سعودی عرب کے صوبہ عسیر کے علاقے ربوعہ اور علب گذرگاہ میں سعودی فوجیوں کے ٹھکانوں اور مراکز پر حملہ کیا ہے۔ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اسی طرح یمن کے شمالی صوبے جوف کے شہر المتون کے علاقے الحراشف میں سعودی عرب کے زرخرید ایجنٹوں کے ٹھکانوں پر توپ خانے اور مارٹرگولوں سے حملہ کیا ہے جس میں کئی سعودی ایجنٹ ہلاک ہو گئے۔