کابل میں رکنِ پارلیمان کی گاڑی پر حملہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک بم دھماکے میں ایک رکنِ پارلیمان فکوری بہشتی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
روسی نیوز ایجنسی اسپوٹنک کی رپورٹ کے مطابق اس دھماکے میں فکوری بہشتی سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں اور ان کا محافظ گارڈ ہلاک ہوگیا ہے۔
کابل میں پولیس فورس کے اعلی کمانڈر عبدالرحمن رحیمی نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران افغان سیکیورٹی فورسز نے کم سے کم 8 بارودی سرنگوں کا انکشاف کرکے ان کو ناکارہ بنادیا ہے۔ قابل ذکر ہے یہ سرنگیں طالبان کے ہاتھوں کابل کے مختلف علاقوں میں بچھائی گئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کابل میں منظم جرائم، قتل، چوری، اسمگلنگ، منشیات کی فروخت اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث نیز لائسنس کے بغیر اسلحہ رکھنے والے 600 کے قریب مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
فکوری بہشتی افغانستان کے وسطی صوبے بامیان کے دارالحکومت بامیان سے رکنِ پارلیمان ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کابل میں مسلح حملہ آوروں نے پارلیمنٹ کے ایک اور رکن میر ولی کے گھر پر حملہ کیا جس میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔