افغانستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام، پاکستان کی وزارت خارجہ
پاکستان نے ایک بار پھر افغانستان کی طالبان حکومت پر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا الزام لگایا ہے
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتےوار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی آزادانہ سرگرمیوں پر تشویش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ افغانستان کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی جارہی ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد حکومت کے پاس افغانستان کے ساتھ دہشت گرد گروہوں کے رابطے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے افغانستان کے ساتھ ہی پاکستان سمیت اس کے پڑوسی ممالک کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ ممتاز زہر بلوچ نے افغانستان کی موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر کئے گئے اپنے وعدوں کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے افغان انتظامیہ پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام ایسی حالت میں لگایا ہے کہ گزشتہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں درجنوں سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔