بحران شام کی راہ حل، شامی عوام کے ہاتھ میں ہے: صدر بشار اسد
شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ یورپی ممالک اگر شامی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو انھیں چاہیے کہ پہلے دہشت گردوں کی حمایت کرنا بند کریں۔
الاخباریہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے دمشق میں روسی پارلیمنٹ ڈوما اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین پر مشتمل مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی حکام کو اس بات کو سمجھ لینا چاہئے کہ بحران شام کی راہ حل، شامی عوام کے ہاتھ میں ہے اور انھیں اس بات کو بھی مان لینا چاہئے کہ یورپی ملکوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے یورپی حکام کی غلط پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہیں۔
بشار اسد نے کہا کہ یورپی ممالک کو چاہئے کہ وہ ایسی ظالمانہ پابندیاں بھی ختم کر دیں کہ جن سے شامی عوام کی بنیادی ضروریات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم، کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور یہ کامیابی، روس کی حمایت اور ان مالی ذرائع کو ختم کئے جانے کے نتیجے میں حاصل ہو رہی ہے کہ جن سے مال و دولت حاصل کر کے دہشت گرد گروہ سرکشی جاری رکھے ہوئے تھے۔
بشار اسد نے کہا کہ روس، شام کی حمایت کر کے نہ صرف شام کی سلامتی، بلکہ اپنی اور یوپی اقوام کی سلامتی کا بھی دفاع کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ روس، شام میں اس ملک کی حکومت کی رضامندی سے دہشت گردی کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حکومت کے ساتھ تعاون کے تناظر میں مشیروں کی سطح پر اس ملک کی مدد کر رہا ہے۔