عراق کے شہر موصل میں عراقی فوج کی پیشقدمی جاری
عراق کے صوبے نینوا کی گورننک کونسل کے رکن نے کہا ہے کہ عراقی فوج اور انسداد دہشت گردی فورسز نے مشرقی موصل کے اسّی فیصد علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق شمالی عراق کے صوبے نینوا کی گورننگ کونسل کے رکن حسام الدین العبار نے سومریہ نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ عراق کی مشترکہ فورسز نے دہشت گرد گروہ داعش کی کمر توڑ دی ہے اور آئندہ چند دنوں میں مشرقی علاقوں کو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرانے کی خبر کا اعلان کر دیا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے ابھی آٹھ ایسے علاقے ہیں جو داعش کے قبضے میں ہیں اور آزاد نہیں ہوئے ہیں- نینوا گورننگ کونسل کے رکن نے مزید کہا کہ داعش کے عناصر عراقی فورسز کا مقابلہ کرنے سے بھاگ رہے ہیں اور اپنے بدترین حربوں اور ناپاک حرکتوں کے ذریعے، آزاد ہونے والے علاقوں میں بم دھماکے کر رہے ہیں-
الحدث ٹی وی چینل نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ عراق کی مرکزی پولیس، موصل ایئر پورٹ سے تین کیلو میٹر کے فاصلے پر ہے-
عراق کے شہر موصل کی آزادی کی کارروائی، سترہ اکتوبر دو ہزار سترہ کو اس ملک کے وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع ہوئی ہے- موصل شہر، عراق میں داعش کا اہم گڑھ ہے۔