یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی پیشقدمی جاری
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ تعز کے بعض سیکٹرز میں اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے متعدد علاقوں پر اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمنی فورسز نے اتوار کو صوبہ تعز میں جبل حبشی شہر کے متعدد علاقوں پراپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اسی طرح صوبہ تعز کے مقبنہ شہر میں سعودی عرب کے ایجنٹوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے- یمنی فورسز نے مقبنہ شہر میں نوبہ کی پہاڑیوں پر بھی سعودی ایجنٹوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا- صوبہ تعز کے ضباب علاقے میں بھی آل سعود کے فوجیوں کے ساتھ جاری جھڑپ میں متعدد فوجی مارے گئے جبکہ کئی ایک زخمی بھی ہوگئے۔
یمن سے موصولہ ایک اور خبر کے مطابق یمنی شہریوں نے سعودی حملوں میں حال ہی میں شہید ہونے والوں کے جلوس جنازہ پر آل سعود کے حملوں کی مذمت کی اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کے نہتے شہریوں کے خلاف آل سعود حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف ٹھوس کارروائی کریں-
واضح رہے کہ سعودی عرب، یمن کے مستعفی صدر ہادی منصور کو دوبارہ بر سر اقتدار لانے کے لئے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے مظلوم اور نہتے عوام پر جارحانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور اس عرصے میں گیارہ ہزار سے زیادہ یمنی باشندے شہید جبکہ دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔