قندھار میں ہمارے پانچ سفارت کار ہلاک ہوئے ہیں: متحدہ عرب امارات کی تصدیق
متحدہ عرب امارات نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے شہر قندھار میں ہونے والے بم دھماکوں میں اس کے پانچ سفارتکار مارے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز افغانستان میں اپنے ملک کے پانچ سفارتکاروں کے مارے جانے کی خبر دی ہے۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے قندھار میں اپنے ملک کے سفیر محمد عبداللہ الکعبی کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔
اپنے ملک کے سفارتکاروں کے مارے جانے کی خبر کے بعد متحدہ عرب امارات کے امیر شیخ خلیفہ بن زائد آل نہیان نے تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی ٹوئیٹ کیا ہے کہ اس قسم کے بم دھماکوں کی کوئی انسانی و اخلاقی توجیہ پیش نہیں کی جا سکتی۔
متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کے سفیر، قندھار انتظامیہ کے اعلی عہدیدار کی دعوت پر اور کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کی غرض سے تمام سفارتکاروں کے ہمراہ قندھار گئے تھے۔
واضح رہے کہ طالبان نے قندھار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ متحدہ عرب امارات ان ممالک میں شامل تھا کہ جنھوں نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو سرکاری طور پر تسلیم کیا تھا اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔