Jan ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • عراق میں دہشتگردانہ دھماکوں کا سلسلہ جاری

عراق کے بغداد اور دیالہ صوبوں میں ہونے والے 3 دہشتگردانہ دھماکوں میں کم سے کم 21 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہوگئے ہیں۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح، مشرقی عراق میں واقع صوبے دیالہ کے خالص قصبے میں ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس میں 9 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں عراق کے متعدد سیکیورٹی اہلکارجاں بحق ہوگئے ہیں اور کرکوک- بغداد شاہراہ بھی بند ہوگئی ہے۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے مرکزی علاقے کرادہ میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے قریب ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس میں کم سے کم 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔

داعش دہشتگرد گروہ موصل آپریشن میں اپنی ناکامی کو چھپانے اور اپنی شکستوں کا ازالہ کرنے کے لئے عراق کے مختلف شہروں میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عراقی افواج نے داعش کا مضبوط گڑھ سمجھی جانے والی موصل یونیورسٹی کو زبردست معرکے کے بعد آزاد کرالیا ہے اور اس وقت عراقی افواج موصل میں حتمی کامیابی کی تیاریاں کر رہی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے 17 اکتوبر 2016 کو صوبہ نینوا میں داعش کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا جس میں عراقی فوج، عوامی رضاکار فورس اور کرد پیش مرگہ ملیشیا کے ساٹھ ہزار جوان حصہ لے رہے ہیں۔

 

 

 

 

ٹیگس