ایران اور روس کا شام کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال
ایران اور روس کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹریوں نے شام میں جنگ بندی کے قیام کے بعد اس ملک کی تازہ ترین سیاسی، سیکورٹی اور فوجی تبدیلیوں کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اپنے روسی ہم منصب نکولائی پیٹروشف سے پیر کی رات ٹیلی فون پر بات چیت کی اور بحران شام میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت اور صلاح و مشورہ جاری رکھنے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسی طرح شام میں تکفیری دہشت گردی خاص طور پر داعش اور جبہت النصرہ دہشت گرد گروہوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف مشترکہ کارروائی کو جاری رکھنے اوراسے مضبوط بنانے کی راہوں کا بھی جائزہ لیا۔ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ محمد جواد ظریف اورسرگئی لاوروف نے بھی گذشتہ رات شام کی تازہ ترین صورت حال اور اس ملک میں جنگ بندی کے بارے میں ٹیلی فون پر بات چیت کی۔