Dec ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: نقاب کھینچنے کا معاملہ، بہار کے وزیر اعلیٰ  پر تنقید میں شدت، اب سابق بالی ووڈ اداکارہ ثنا خان نے کہا،

ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچے جانے کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اب سابق بالی ووڈ اداکارہ ثناہ خان نے بھی نتیش کمار کی نقاب کھینچنے والی حرکت پر سخت تنقید کی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: اطلاعات کے مطابق اپنے مذہب کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثناخان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے نقاب کھینچے جانے کے واقعے پر بہار کے وزیر اعلیٰ  کو سخت تنقید کیا نشانہ بنایا ہے۔

ثنا خان اس ویڈیو میں نتیش کمار کا نام لیے بغیر کہتی ہیں، "حال ہی میں جب ہمارے ایک قابل احترام سیاست داں ہماری ایک محجبہ بہن کو سرٹیفکیٹ دے رہے تھے تو پتہ نہیں کیا ہوا کہ ان کو خاتون کی شکل دیکھنا بہت ضروری ہوگیا اور پھر انہوں نے اس کا نقاب کھینچ دیا۔ ثناخان نے مزید کہا کہ "تعجب کی بات یہ ہے کہ ان کے پیچھے جو لوگ تھے وہ، بقول ان کے، گدھے کی طرح ہنس رہے تھے۔ مجھے ویڈیو دیکھ کر اتنا غصہ آیا کہ دل چاہ رہا تھا ان کے کان کے نیچے دو لگاؤں۔ ظاہر سی بات ہے کسی کو بھی غصہ آنا چاہئے۔"

زائرہ وسیم

 

اس سے پہلے ایک دیگر بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت بھی اس سلسلے میں نتیش کمار پر شدید تنقید کرچکی ہیں۔ راکھی ساونت نے ایک ویڈیو میں براہ راست نتیش کمار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اتنے بڑے نیتا ہیں آپ، وزیر اعلیٰ  ہیں، میں آپ کی عزت کرتی ہوں، آپ کی فین ہوں لیکن آپ نے یہ کیا کردیا؟ آپ ایک مسلم خاتون کا حجاب کھینچ رہے ہیں، اگر میں سر بازار آپ کی دھوتی کھینچ لوں تو کیسا محسوس ہوگا آپ کو؟"

راکھی ساونت

 

اس سلسلے میں نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈ حاصل کرنے والی اور فلم "دنگل" سے مشہور ہونے والی اداکارہ زائرہ وسیم بھی بہار کے وزیر اعلیٰ  کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہیں۔ زائرہ وسیم نے 2019 میں فلمی دنیا کو چھوڑ دیا تھا۔ 

ہندوستان کی اپوزیشن پارٹیوں نے بھی نقاب کھیچنے والے واقعہ پر نتیش کمار کو شدید ہدف تنقید بنایا ہے اور ان کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Followus: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

قابل ذکر ہے کہ ابھی چند دن پہلے ہی پٹنہ میں ڈاکٹروں کو تقرری نامہ دیئے جانے کی سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں بہار کے وزیر اعلیٰ  نے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کو تقرری نامہ دیتے وقت اچانک اس کا نقاب کھینچ دیا تھا۔ نتیش کمار کے اس عمل پر چو طرفہ تنقید ہو رہی ہے اور اب یہ معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔

 

 

 

ٹیگس