Jan ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین حل کیے بغیر خطےمیں امن ممکن نہیں

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں تاہم مسئلہ فلسطین حل کیے بغیر خطےمیں امن نہیں آسکتا۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان اور فلسطین کے مابین وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کےوزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینی صدر سے ملاقات انتہائی مفید رہی، پاکستان فلسطین کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ 1969 کی فلسطینی سرحدوں کو فوری بحال کیا جائے، پاکستان فلسطین سے اسرائیلی آبادی کے انخلا کی حمایت کرتاہے جب کہ مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں تاہم مسئلہ فلسطین حل کیے بغیر خطےمیں امن نہیں آسکتا۔

اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطین کی مدد کرنے اور سفارتخانے کی تعمیر پر پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر بھی تاکید کی۔

فلسطین کے صدر محمود عباس کل تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے جہاں پاکستان کے صدرممنون حسین نے ان کا استقبال کیا۔ فلسطینی صدر کے ہمراہ سترہ رکنی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جو مختلف شعبوں میں پاکستانی حکام سے بات چیت کرے گا۔

فلسطینی صدر محمود عباس کا پاکستان کا یہ چوتھا دورہ ہے، اس سے قبل وہ ۲۰۰۵، ۲۰۱۰اور ۲۰۱۳ میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں

 

ٹیگس