Feb ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran
  •  اقوام متحدہ میں ترکی کے خلاف شام کی شکایت

شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام دو الگ الگ خط ارسال کر کے ترک فوج کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے اپنے خطوط میں عام شہریوں کے خلاف ترکی کے مجرمانہ اقدامات، ترک فوج کے پے در پے حملوں اور ملک کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی مسلسل خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔
ان خطوط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے اور شامی عوام کے خلاف ترک جارحیت بند کرائے۔
ترکی نے، داعش اور کرد  جنگجوؤں کے خلاف جنگ کے نام پر چوبیس اگست دو ہزار سولہ کو اپنے فوجی، شمالی شام میں داخل کر دیئے تھے۔ اس وقت ترک فوج، شمالی شام کے شہر الباب کے نواح میں تعینات ہے اور داعش کو اس علاقے میں پیچھے دھکیلنے میں اب تک کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ الباب سمیت شام کے شمالی علاقوں پر ترک فوج کی جارحیت میں سیکڑوں عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

 

ٹیگس