Feb ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • پاکستانی سفیر کی افغان دفتر خارجہ میں طلبی

حکومت افغانستان نے کابل میں متعین پاکستانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے راکٹ حملوں پر سخت احتجاج کیا ہے۔

کابل میں افغان وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے پاکستانی سفیر ابرار حسین کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے، جہاں صوبہ سندھ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا، وہیں پاکستان کی جانب سے راکٹ حملوں پر سخت احتجاج کیا۔
بیان کے مطابق افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام، خود دہشت گردی کا شکار ہیں اور پاکستانی عوام کے درد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین سے افغانستان پر راکٹ حملے کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور موثر کارروائی کرے۔
افغانستان کے نائب وزیر خارجہ نے ننگرہار اور کنڑ صوبے پر پاکستانی علاقے سے کیے جانے والے راکٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی سفیر سے وضاحت پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
حمکت خلیل کرزئی نے پاکستان میں درجنوں افغان مہاجرین کی گرفتاری اور جنوبی اور مشرقی سرحدوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستان کے سفیرنے اس موقع پر کہا کہ متعلقہ معاملات کے بارے میں پاکستانی حکام کو آگاہ کریں گے۔
حکومت افغانستان نے دعوی کیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران  پاکستان کی سرزمین سے داغے جانے والے  دو سو کے قریب راکٹ، افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور کنٹر پر گرے ہیں جن کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

 

ٹیگس