امن معاہدے پر حکومت افغانستان کو حزب اسلامی کا انتباہ
حزب اسلامی افغانستان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ طے پانے والے امن معاہدے کی شقوں پر اگر عمل نہیں کیا گیا تو اس جماعت کے رہنما حکمتیار کابل نہیں آئیں گے۔
تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اسلامی افغانستان نے اعلان کیا ہے کہ محمد اشرف غنی کی حکومت، گلبدین حکمتیار کے کابل میں آنے کے سلسلے میں آمادگی نہیں رکھتی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ حزب اسلامی افغانستان نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ گلبدین حکمتیار، دس مارچ سے قبل کابل پہنچ جائیں گے۔ حزب اسلامی افغانستان کے ترجمان حمید عزیز نے کہا ہے کہ حکومت افغانستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بلیک لسٹ سے حکمتیار کا نام نکلوانے کے علاوہ اب تک امن معاہدے کی کسی اور شق پر عمل نہیں کیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ اس معاہدے پر مکمل طور پر عمل نہیں کرنا چاہتی۔
واضح رہے کہ فریقین کے درمیان پانچ ماہ قبل امن معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں اور اس معاہدے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بلیک لسٹ سے گلبدین حکمتیار کا نام خارج ہو گیا ہے۔