پل الحریہ پر عراقی فوج کا کنٹرول ہو گیا
عراقی فوج نے موصل کے علاقے میں پل الحریہ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایک عراقی فوجی کمانڈر نے پیر کے روز اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہ الحریہ پل پر عراقی فوج نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے، کہا ہے کہ مغربی موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کی کارروائی کے دوران یہ دوسرا پل ہے کہ جس پر عراقی فوج نے کنٹرول حاصل کیا ہے۔
اس پل کی اہمیت اس اعتبار سے اور زیادہ ہے کہ یہ پل، مغربی موصل کو مشرقی موصل سے ملاتا ہے۔
عراق سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ عوامی رضاکاروں نے تلعفر کے مشرق میں العیاضیہ شاہراہ کے قریب واقع پہاڑی سلسلے پر کنٹرول حاصل کرلیا۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج نے موصل کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی سترہ اکتوبر دو ہزار سولہ کو عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے حکم سے شروع کی ہے۔
صوبے نینوا کا صدر مقام موصل، عراق کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے جس پر دو ہزار چودہ میں داعش دہشت گرد گروہ نے قبضہ کر لیا تھا۔