دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کامیابی
شامی فوج نے درعا شہر کے قریب منشیہ علاقے میں دہشت گرد گروہ جبہہ النصرہ کے ایک اہم اڈے کو تباہ کردیا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے خبردی ہے کہ جبہہ النصرہ کے دہشت گرد عناصر منشیہ علاقے پر قبضہ کرکے درعا شہر کے وسطی اور شمالی علاقوں پر بھی قبضے کا راستہ ہموار کرنا چاہتے تھے لیکن شامی فوج نے ان کے حملوں کو ناکام بنادیا۔
اس لڑائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ منشیہ میں لڑائی کے بعد درعا کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں بھی دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان شدید لڑائی ہوئی۔
اس درمیان جبہہ النصرہ سے وابستہ دہشت گردوں نے درعا شہر میں دو علاقوں اور ایک اسپتال پر حملہ کرکے ایک شخص کوجاں بحق اور متعدد دیگر کو زخمی کردیا۔
دہشت گردوں نے درعا شہر کے السحاری والمطار علاقوں اور سرکاری اسپتال پر پچاس سے زائد راکٹ اور گرینیڈ فائر کئے۔
دوسری جانب شامی فوج کے ذرائع نے خبردی ہے کہ دمشق کے اطراف میں برطانیہ کے ارسال کردہ ہتھیاروں اور گولہ بارود سے لدے ہوئے دو ٹرکوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔
ان سےمیں ایک ٹرک درعا میں دہشت گردوں کے لئے ہتھیار اور گولہ بارود لے کر جارہا تھا اور دوسرا ٹرک دمشق کے قریب الکسورہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے لئے اسلحہ لے جارہا تھا۔
اس سے پہلے بھی شامی فوج ملک کے مختلف علاقوں میں امریکا اور برطانیہ کے ارسال کردہ ہتھیاروں کے کئی گوادموں کا پتہ لگا کر انہیں ضبط کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔