Mar ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • عراق: مغربی موصل میں عراقی فوج کی پیشقدمی

عراقی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے مغربی موصل میں پیشقدمی کرتے ہوئے شہر کے سب سے بڑے محلے پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

سومریہ نیوز کے مطابق عراقی پولیس کے سربراہ رائد شاکر جودت نے ایک بیان میں اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے صوبے نینوا کے شہر موصل کے قدیم مغربی علاقے میں واقع النوری جامع مسجد کے اطراف میں داعش دہشت گرد گروہ کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔

النوری جامع مسجد، وہی مسجد ہے کہ جس میں دو ہزار چودہ میں ابوبکر البغدادی نے خود کو خلیفہ قرار دیا تھا۔

عراق کے دوسرے سب سے بڑے شہر موصل پر داعش دہشت گرد گروہ نے جون دو ہزار چودہ میں قبضہ کر لیا تھا۔

عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے اس شہر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کی کارروائی شروع کرکے مشرقی موصل کو آزاد کرا لیا ہے۔

مغربی موصل کے بھی ایک تہائی سے زائد علاقوں کو آزاد کرایا جا چکا ہے۔

عراق سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے شمال مغربی موصل میں بادوش رہائشی کمپلکس اور جابر بن حیان نامی تنصیاب کو داعش دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

  عراقی سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں اور ان کی متعدد گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس علاقے کی آزادی کے ساتھ ہی مغربی موصل میں داعش دہشتگرد گروہ کی امداد کے تمام راستے منقطع ہو جائیں گے۔

ٹیگس