Mar ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • امریکی اتحاد کے اقدامات پر شام کا احتجاج

شام کی وزارت خارجہ نے شام میں امریکہ کی سرکردگی میں قائم اتحاد کے اقدامات پر احتجاج کیا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ مراسلوں میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ  امریکہ کی سرکردگی میں قائم اتحاد کے تباہ کن اقدامات کی مذمت اور اس اتحاد کے ہاتھوں ہونے والا قتل عام بند کرائے۔
شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے عوام کے خلاف امریکی اتحاد کے وحشیانہ اقدامات اور ساتھ ہی داعش اور جبہت النصرہ دہشت گرد گروہوں کے جرائم، ملک میں تباہی و بحران کا باعث بنے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے بدھ کے روز رقہ کے مغربی مضافات میں واقع شہر المنصورہ کے ایک اسکول پر بمباری کی ہے جس میں ایک عورت اور بتّیس سے زائد بچے شہید اور دسیوں دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسکول بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی اتحاد کا یہ اقدام، دہشت گردی کے خلاف مہم سے متعلق اس کے دعوے سے مکمل تضاد رکھتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی اتحاد نے شام میں دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے بارہا عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ اس ملک میں امریکی اقدامات سے دہشت گرد گروہوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

ٹیگس