غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں غاصب اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری، متعدد مکانات تباہ
غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کے حملے اور جارحیت جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید بہت سے مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج نے اپنے حملوں اور جرائم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ غاصب فوجیوں نے غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں متعدد مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کی رات ایک بار پھر غزہ شہر کے مشرقی علاقوں پر چھاپہ مارا اور کئی رہائشی عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اسی دوران اسرائیلی قابض فوج کے توپ خانے نے جنوبی غزہ پٹی میں خان یونس کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔
ادھر غاصب فوج نے وسطی غزہ میں النصیرات کیمپ میں بھی فلسطینیوں پر فائرنگ کی ہے۔ مغربی کنارے میں جھڑپوں میں شدت آ گئی ہے اور جنین کے مغرب میں واقع کفر دان قصبے پر اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران ایک فلسطینی کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے الیامون علاقے میں ایک ایمبولینس کو جائے حادثہ پر پہنچنے سے روک دیا۔ اسی علاقے میں فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ اس علاقے میں اسرائیلی فوج کے نشانہ باز عمارتوں کی چھتوں پر تعینات تھے۔
اسی دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے رام اللہ کے شمال مغرب میں بیت ریما اور دیر غسانہ میں متعدد گھروں کی تلاشی لی اور بہت سے فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ طولکرم کے قریب واقع کئی علاقوں کو بھی صیہونی فوجی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔