ہندوستان: بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 121 نشستوں کے لئے ووٹنگ شروع
ہندوست کی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ اس مرحلے میں 121 حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: پٹنہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 18 اضلاع کی 121 نشستوں کے لئے ووٹنگ جمعرات کو، مقامی وقت کے مطابق، صبح 7 بجے شروع ہوگئی۔
بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 121 نشستوں کے لئے 1314 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 1192 مرد اور 122 خواتین شامل ہیں۔ پولنگ کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انتخابی کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 3 کروڑ 75 لاکھ 13 ہزار 302 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان ووٹروں میں ایک کروڑ 98 لاکھ 35 ہزار 325 مرد، ایک کروڑ 76 لاکھ 77 ہزار 219 خواتین اور 758 تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں جو 1314 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی سمیت سبھی اہم سیاسی رہنماؤں نے رائے دہندگان سے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ایکس پوسٹ میں اس مرحلے کے تمام ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈالیں۔
کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے بھی ایکس پوسٹ میں بہار کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں بڑی تعداد میں حصہ لیجیے۔ نوکری، تعلیم، صحت اور بہار کے روشن مستقبل کے لیے ووٹ دیجیے۔
آر جے ڈی لیڈر اور اپوزیشن اتحاد، مہا گٹھ بندھن، کے وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار تیجسوی یادو نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر حال میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ بہار کی اگلی سمت آپ کے ووٹ سے طے ہوگی، اس لیے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ووٹ ڈالنا فرض ہے۔