ایران اور پاکستان اقتصادی، سیاسی اور پارلیمانی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں: ایرانی اسپیکر ڈاکٹر قالی باف
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالی باف نے اسلام آباد میں پاکستان قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران ایک برادر اور قابل اعتماد ہمسایہ ہے اور دونوں ممالک اسٹریٹیجک اور پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈاکٹر محمد باقر قالی باف اور سردار ایاز صادق کے درمیان بدھ کی شام ہونے والی ملاقات کے بعد جاری ہوئے اس بیان میں پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکرکے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایران پاکستان تعلقات کی جڑیں مذہبی، ثقاقتی اور تاریخی رشتوں پر استوار ہیں۔
ایرانی پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر باقر قالی باف نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے ساتھ ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سطح کو انتہائی ہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دورۂ اسلام آباد کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، بالخصوص علاقائی تعاون، میں فروغ کی کوشش کریں گے۔
اس سے پہلے ڈاکٹر محمد باقر قالی باف نے اسلام آباد پہنچنے پر ارنا کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان دو ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے اور دو طرفہ تعلقات کی موجودہ سطح اور علاقائی صورت حال کے پیش نظر اقتصادی، سیاسی اور پارلیمانی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات اور ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کی توجہ تجارتی، سیاسی اور سیکورٹی تعاون پر مرکوز ہے۔