Nov ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • شام میں غاصب اسرائیلی فوجیوں کی در اندازی کی ایک اور کارروائی

شام کے صوبۂ قنیطرہ کے بعض علاقوں میں غاصب اسرائیلی فوجیوں کی تازہ دراندازی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائيلی حکومت کے فوجیوں کا ایک گروہ شام کے صوبۂ قنیطرہ کے بعض علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔ بدھ کی صبح ملنے والی رپورٹ کے مطابق شامی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ غاصب صیہونی فوجیوں کا ایک گروہ صوبۂ قنیطرہ کے ایک گاؤں "العجرف" میں داخل ہو گیا ہے۔

صوبۂ قنیطرہ میں واقع گاؤں "العجرف" شام اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

بشار الاسد کی حکومت کے سقوط کے بعد سے صہیونی فوج نے شام کے بنیادی ڈھانچوں اور فوجی مراکز پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کی ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد بار اس کے فوجی مراکز پر بمباری کی ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے بشارالاسد حکومت گرنے کے بعد جولان سمیت شام کے متعدد علاقوں پر دراندازی کی ہے اور درعا اور قنیطرہ صوبوں میں یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

القاعدہ، داعش، جبہۃ النصرہ اور تحریر الشام دہشت گرد گروہوں کے سابق رکن ابومحمد الجولانی نے، جو اس وقت شام کی صدارت پر قابض ہیں، ان واقعات پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

 

ٹیگس