عراقی فوج اور رضاکار فورسز کی کامیابیاں
عراقی فوج اور رضاکار فورسز نے موصل کے متعدد علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔
عراقی فوج اورعوامی رضا کار فورسز نے موصل میں دہشتگرد گروہ داعش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو داعشی تکفیری دہشت گردوں سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے۔
تکفیری داعشی دہشت گردوں نے اتوار کے روز النبی یونس نامی علاقے پر حملہ کرکے متعدد نہتے شہریوں کو خاک وخون میں غلطاں کردیا تھا تاہم عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورسز نے دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے وادی العین اور رجم الحدید نامی علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔
حشد الشعبی کے کمانڈرعبدالامیر رشید یارالله کا کہنا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی کارروائیوں میں موصل کے اطراف کے 175 علاقے اور دیہات تکفیری دہشت گردوں کے چنگل سے مکمل طور پرآزاد کرالئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ موصل بغداد کے بعد عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر داعش نے قبضہ کیا تھا تاہم عراقی فوج اور رضاکار فورسزنے موصل کے اکثر علاقوں کو دہشت گردوں سے آزاد کرالیا ہے۔
یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے (پیر 17 اکتوبر2016 کو) دہشت گرد گروہ داعش سے موصل شہر کی آزادی کے لئے وسیع پیمانے پر کارروائیوں کے آغاز کی خبر دی تھی۔