شام: دھماکے کی ذمہ داری احرارالشام نے قبول کی
شام میں ہونے والے خودکش حملے میں اب تک 118 افراد جاں بحق اور 224 زخمی ہو چکے ہیں۔
شام سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حلب کے مضافات میں واقع الراشدین علاقے میں خود کش بم دھماکے کی ذمہ داری احرار الشام نامی دہشتگرد تکفیری گروہ نے قبول کر لی ہے۔ جس وین کے ذریعے دھماکہ کیا گیا بظاہر اس میں پناہ گزیں بچوں کے لئے غذائی سامان لدا ہوا تھا۔ یہ بم دھماکا، شیعہ نشین علاقے الفوعہ اور کفریا قصبوں کے لوگوں کو لے کر جانے والی بسوں کے قریب ہوا ہے۔ دہشت گردوں نے فوعہ اور کفریا کا پچھلے کئی برس سے محاصرہ کر رکھا تھا لیکن گذشتہ دنوں حکومت اور مسلح مخالفین کے مابین سمجھوتے کے بعد ان دونوں شہروں میں محصور باشندوں کو وہاں سے نکلنے کی اجازت مل گئی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا الراشدین محلے میں اس مقام پر ہوا جہاں فوعا اور کفریا کے شہریوں کو منتقل کرنے والی بسیں کھڑی تھیں۔ اس خودکش حملے میں اب تک 118 افراد جاں بحق اور 224 زخمی ہوچکے ہیں جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 40 سے زائد بچے بھی ہیں۔ دھماکے کے فورا بعد افراتفری مچ گئی اور دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے کئی بسیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔