مغربی موصل میں عراقی فوج کی پیشقدمی
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شمالی صوبے نینوا میں پیشقدمی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
بغداد میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس نے موصل سے اسی کلومیٹر کے فاصلے پر واقع صوبہ نینوا کے شہر الخضرا کے دو علاقوں، سعدان اور سعیدیہ ٹاؤن کو آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی سیکورٹی فورس کے جوان اب ان علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں مصروف ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے گزشتہ روز فضائیہ کی مدد سے، الخضرا شہر کے بارہ علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان اب تک مغربی موصل کے ستر فی صد سے زیادہ علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا چکے ہیں۔
عراقی فوج نے مغربی موصل کی آزادی کے لیے انیس فروری سے فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق داعشی دہشت گردوں نے موصل میں اپنے زیر قبضہ علاقے میں پندرہ عام شہریوں کو قتل کر دیا ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔