ایران اور افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات
جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینٹر سراج الحق نے چارسدہ میں میڈیا اور المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے ذمہ داران ،صوبائی وزرا، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات کی خرابی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وزیر خارجہ نہیں اور جس ملک کا وزیر خارجہ نہ ہو اس کے بین الاقوامی تعلقات کا نتیجہ یہی ہوتا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایازصادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ھمسایہ ممالک کا دورہ کیا جس کے بعد ناخوشگوار واقعات رونما ہو ئے اور دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہو گئے ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ اسلام آباد میں پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے اور پاکستان کیلئے بیرونی محاذ پر جگہ بنا نے کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔