May ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
  • آل خلیفہ کے خلاف احتجاج میں شدت

آل خلیفہ کی سرکوبگرانہ پالیسیوں کے خلاف بحرین کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور اس ملک میں عوامی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

بحرین کے عوام نے کل رات آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر اور بحرینی عوام پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کئے اور آل خلیفہ کے آلہ کار فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے۔

دوسری جانب بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی کٹھ پتلی عدالت اور فوجیوں نے اس ملک کے مذہبی پیشوا آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف نئی سازشیں شروع کر دی ہیں-

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف بحرین کی کٹھ پتلی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے اور پھر ان کی رہائشگاہ پر بحرینی اور سعودی فوجیوں کی یلغار اور محاصرے کے بعد آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت نے اس مظلوم مذہبی پیشوا کو جلاوطن کرنے کی کوشش شروع کردی ہے-

اس تناظر میں لبنان کے المیادین ٹی وی چینل نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو جلاوطن کرنے کے لئے بحرین کی درخواست کی مخالفت کی ہے-

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو جلاوطن کرنے کی کوششوں کے خلاف بحرین میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے اور بحرینی علمائے کرام نے مجاہدعالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بدھ اور جمعرات کو عام سوگ کا اعلان بھی کیا تھا-

بحرینی علماء نے ایک بیان میں الدراز کے علاقے میں آل خلیفہ حکومت کے اقدامات پر خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بحرینی فوجیوں نے جب سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر پر حملہ کیا ہے اس وقت سے ان سے کسی کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے اور ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے اس کی بھی کسی کو کوئی خبر نہیں ہے-

بحرین کی حکومت مخالف سب سے بڑی پارٹی جمعیت الوفاق نے بھی ایک بیان جاری کر کے بحرینی شہریوں کے خلاف آل خلیفہ کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ اقدامات اور مظالم عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے انجام پا رہے ہیں-

بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ شیخ میثم سلمان نے کہا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے بارے میں دنیا کو کچھ پتہ نہیں ہے اور ایسا اس وقت سے ہوا ہے جب سے دسیوں فوجیوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر پر یلغار کی ہے۔

آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف بحرین کی کٹھ پتلی عدالت کی جانب سے ایک سال کی قید اور اثاثے ضبط کئے جانے کا حکم سنانے کے بعد عوامی مظاہروں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے جس کے بعد بحرینی فوجیوں نے منگل کو الدراز کے علاقے میں ان کے گھر پر حملہ کر کے چھے افراد کو شہید اور دو سو سے زائد کو زخمی کر دیا جبکہ تقریبا تین سو افراد اس وقت قید میں ہیں-

ٹیگس