May ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • افغانستان کے مختلف صوبوں میں دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی

افغانستان کے مختلف صوبوں میں پرتشدد واقعات، لڑائیوں اور طالبان کے حملوں اور بم دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں

افغانستان کے مغربی صوبے ہرات کے علاقے ادرسکن میں سڑک کے کنارے ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے میں دس افراد جاں بحق اور چھے دیگر زخمی ہوگئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں بیشتر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ ادرسکن کی مقامی انتظامیہ کے ایک اعلی عہدیدار لعل محمد عمرزئی کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگ کا یہ دھماکہ  اس وقت ہوا جب وہاں سے ایک مسافر گاڑی گذر رہی تھی۔اس عہدیدار نے اس دھماکے کا ذمہ دار طالبان گروہ کو قرار دیا ہے۔ ہرات کے گورنر محمد آصف رحیمی نے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کر کے سزا دیئے جانے پر تاکید کی ہے۔ایک اور رپورٹ کے مطابق طالبان نے قندوز میں ایک فوجی ٹھکانے پر حملہ کر کے کئی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ افغان وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہ ولی کوٹ کے علاقے میں طالبان کی جانب سے کئے جانے والے اس حملے میں پندرہ فوجی مارے گئے ہیں۔ مشرقی صوبے خوست میں بھی ایک کار بم دھماکے میں کم سے کم اٹھارہ افراد افراد ہلاک ہوگئے - یہ دھماکہ خوست شہر کے عسکر کلب محلے میں ایک ٹیکسی اسٹینڈ پر ہوا -دوسری جانب افغان حکام نے تخار اور قندوز کے صوبوں میں طالبان کے دو سینیئر کمانڈروں کے مارے جانے کی خبر دی ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ صوبے قندوز کے بعض علاقوں میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کے آپریشن میں طالبان گروہ کے اب تک پینسٹھ عناصر ہلاک اور پچّیس دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔یہ آپریشن پانچ روز قبل شروع ہوا ہے۔

ٹیگس