بحرین کی الوعد پارٹی کی تحلیل کی مذمت
بحرین میں ظالم شاہی حکومت کی جانب سے الوعد پارٹی کو تحلیل کئے جانے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کر کے الوعد پارٹی کی تحلیل کی مذمت کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آل خلیفہ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کے خلاف کسی بھی طرح کی تنقید کو دبانے کی تشویش ناک کوشش قرار دیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بیان میں آیا ہے کہ الوعد پارٹی کی تحلیل، آزادی بیان اور حریت پسند گروہوں پر کھلا حملہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ بحرینی حکام ، انسانی حقوق کی پابندی پر مبنی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
درایں اثنا بحرین کی جمعیت الوفاق نے اعلان کیا ہے کہ الوعد پارٹی کی تحلیل کے حکم سے ثابت ہوگیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت، سیاسی عمل کو پوری طرح سبوتاژ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
آل خلیفہ حکومت کی کٹھ پتلی عدالت نے اس ملک میں سیاسی آزادی کی سرکوبی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئےالوعد پارٹی کو قانون کی بے احترامی، دہشت گردی کی حمایت اور ملک کے سیاسی نظام کی تبدیلی کا پروپیگنڈہ کرنے والوں کی حمایت کرنے کے الزام میں تحلیل کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعیت الوفاق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آل خلیفہ کی فوجی کارروائیاں اور عوام کی سرکوبی کے جاری سلسلے نے آل خلیفہ کے سیاسی اصلاحات کے نعرے کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔
الوعد، دوہزارگیارہ میں بحرینی عوام کی انقلابی تحریک شروع ہونے کے بعد سے آل خلیفہ کی جابر حکومت کے ہاتھوں تحلیل کیا جانے والا تیسرا بڑا سیاسی گروہ ہے۔
آل خلیفہ حکومت نے ایک سال قبل بحرین کی امل اور جمعیت الوفاق کو بھی تحلیل اور اس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی۔
بحرین کے عوام نے چودہ فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ کی ظالم و جابر حکومت کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے۔